اسلام آباد (یس ڈیسک) دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد آئے ترک وزیراعظم داؤد اوغلو نے وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترک وزیراعظم احمد داؤد اوغلو وزیراعظم ہاؤس پہنچے تو ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا جب کہ مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے ترانے بھی بجائے گئے جب کہ ترک وزیراعظم نے گارڈ آف آنر کا معائنہ بھی کیا۔
وزیراعظم نواز شریف نے ترک وزیراعظم سے کابینہ ارکان کی ملاقات کرائی اور ترک ہم منصب نے بھی اپنے وفد کا وزیراعظم کو تعارف کرایا۔ دونوں ممالک کے سربراہان نے ون آن ون ملاقات کے دوران دو طرفہ امور، خطے کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔