دوشنبے : وزیراعظم نوازشریف نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون سے ملاقات کی اور عالمی امن واستحکام کے لیے بان کی مون کے کردار کی تعریف کی ہے۔
وزیراعظم نواز شریف تاجکستان کے ہم منصب قاہر رسول زادہ کی خصوصی دعوت پر دو روزہ دورے پر دوشنبے پہنچے جہاں انہوں نے ’’واٹر فار لائف‘‘ کے عنوان سے منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس میں بھی شرکت کی جب کہ اس موقع پر انہوں نے اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری بان کی مون سے بھی ملاقات کی جس میں ان کے ہمراہ وفاقی وزیر خواجہ آصف اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی شریک تھے۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے اقوام متحدہ کے ساتھ مضبوط تعلقات ہیں اور عالمی امن واستحکام کے لیے بان کی مون کا کردار قابل تعریف ہے جب کہ پاکستان امن مشن میں اقوام متحدہ کا سب سے بڑا شراکت دار ہے اور امن کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف ہم نے زیرو ٹالرینس پالیسی اختیار کررکھی ہے اور 20 نکاتی قومی ایکشن پلان پر عمل پیرا ہیں جب کہ ہماری پالیسیاں خطے میں عوام کی خوش حالی کا سبب ہیں۔