تحقیقات کے دوران وزیر اعظم کے زیادہ جوابات غیراطمینان بخش، رویہ بھی ٹال مٹول والا تھا: تحقیقاتی ٹیم،
اسلام آباد: پاناما لیکس مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے وزیر اعظم نواز شریف نے کیا بیان دیا ، تفصیلات دنیا نیوز نے حاصل کر لیں ۔ جے آئی ٹی کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے دوران وزیر اعظم کے زیادہ تر جوابات غیر اطمینان بخش اور رویہ ٹال مٹول والا تھا۔ یقین نہیں لیکن شاید حسن نواز لندن فلیٹس کے مالک ہیں ، حسن اور مریم کی ٹرسٹ ڈیڈ کا نہیں جانتا ، شوگر ملوں کی قرض سیٹلمنٹ کا کوئی علم نہیں، سعید احمد سے کاروباری تعلق نہیں ، قاضی فیملی اور شیخ سعید کو نہیں جانتا ، کاروباری تعلق بھی نہیں ، وزیر اعظم نواز شریف نے کے جے آئی ٹی کو دوران تحقیقات اس انداز میں جوابات دیئے ، ہل میٹل رقم فارن فنڈنگ کے تحت آنے سے متعلق جواب نہیں دیا ۔ وزیر اعظم کے بیان کا زیادہ حصہ سنی سنائی باتوں اور حقائق کے منافی قرار دیا گیا ، نواز شریف نے بتایا کہ وہ خاندانی کاروبار سے منسلک ہیں جبکہ انہوں نے لندن فلیٹس کی ملکیت ۔سے متعلق جواب مبہم انداز میں دیا
وزیر اعظم سے پوچھے گئے 14 سوالات اور ان کے جوابات:
پہلا سوال: آپ نے العزیزیہ اورگلف سٹیل کے ریکارڈ کی موجودگی کا کہا ، وکیل نے نفی کی؟
جواب: یقین سے نہیں کہہ سکتا ہو سکتا ہے میں نے ریکارڈ سپیکر کو دیا ہو
دوسرا سوال: آپ کے بیٹوں نے العزیزیہ اور گلف سٹیل سے متعلق کیا ریکارڈ جمع کرایا؟
جواب: میں نے ان کی گزارشات دیکھی نہیں لیکن تائید کرتا ہوں
تیسرا سوال: آپ اپنے ساتھ کوئی دستاویزات لائے ہیں؟
جواب: مزید کوئی دستاویزات نہیں جو تھا وہ پہلے ہی جمع کرا چکے ہیں
چوتھا سوال: آپ کو التوفیق کمپنی کے قرضے کی سیٹلمنٹ کا معلوم ہے؟
جواب: سیٹلمنٹ کا سنا لیکن نقاط نہیں جانتا
پانچواں سوال: اثاثوں کی تقسیم کے وقت لندن فلیٹس کا معاملہ زیرغور آیا؟
جواب: لندن فلیٹس حسن اور حسین کے پاس تھے ، یقین نہیں شاید حسن نواز لندن فلیٹس کے مالک ہیں
چھٹا سوال: حسین کہتے ہیں فلیٹس ان کے ہیں ، ایک دہائی سے زیادہ حسن رہتے ہیں؟
جواب: 2 بھائیوں کے درمیان یہ کوئی غیرمعمولی معاملہ نہیں
ساتواں سوال: حسن اور مریم کے درمیان ٹرسٹ ڈیڈ کے بارے میں جانتے ہیں؟
جواب: حسن اور مریم کے درمیان ٹرسٹ ڈیڈ کے بارے میں کوئی علم نہیں۔
8 واں سوال: سعید احمد کو جانتے ہیں؟ کیا آپ کا ان کے ساتھ کاروباری تعلق تھا ؟
جواب: میں ان کو کافی عرصے سے جانتا ہوں لیکن کاروباری تعلق نہیں
9 واں سوال: کیا آپ قاضی فیملی کو بھی جانتے ہیں؟
جواب: قاضی فیملی کو نہیں جانتا ، بہت سے لوگوں سے ملتا ہوں ، سب کو یاد نہیں رکھ سکتا
10 واں سوال :کیا آپ شیخ سعید کو جانتے ہیں ؟
جواب: شیخ سعید کو نہیں جانتا نہ ہی کوئی اس سے کاروباری تعلق ہے
11 واں سوال: کیا نیب سے چودھری اور رمضان شوگر ملز کے قرض کی سیٹلمنٹ ہوئی؟
جواب: چودھری اور رمضان شوگر ملز قرض سیٹلمنٹ کے معاملے کا کوئی علم نہیں؟
12 واں سوال: کیا آپ نے خاندان کے افراد کیلئے کوئی رقم باہر بھیجی؟
جواب: اپنے خاندان کے افراد کیلئے بیرون ملک کوئی رقم نہیں بھیجی
13 واں سوال: ہل میٹل سے موصول ہونے والی رقم سیاسی فنڈنگ کیلئے استعمال کی؟
جواب: نہیں، اگر میں ایسا کرتا تو کیا یہ جرم ہے؟
14 واں سوال: کیا ہل میٹل کی رقم فارن فنڈنگ کے تحت نہیں آئی؟
جواب: وزیر اعظم نے ہل میٹل رقم فارن فنڈنگ کے تحت آنے سے متعلق کوئی جواب نہ دیا