counter easy hit

وزیراعظم نے ایٹمی بجلی گھر ’کے ٹو‘ کا افتتاح کر دیا

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد : وزیراعظم نواز شریف نے پاکستان کے چھٹے اور سب سے بڑے نیوکلیئر اٹامک پاور پلانٹ کے ٹو کا افتتاح کردیا۔

وزیراعظم نواز شریف ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچے تو وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ اور گورنر ڈاکٹر عشرت العباد سمیت اہم شخصیات نے ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا جہاں سے وزیراعظم نواز شریف حب پہنچے اور کینوپ کے تحت چلنے والے نیوکلیئر اٹامک پاور پلانٹ کے ٹو کی کنکریٹ پورنگ کا افتتاح کیا۔

کے ٹو نیوکلیئر اٹامک پاور پروجیکٹ کی کنکریٹ پورنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ کینوپ گزشتہ 45 سال سے بجلی کی فراہمی کے عمل کو جاری رکھے ہوئے ہے جو کہ ایک خوش آئند بات ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کے ٹو اور کے تھری بھی چشمہ پاور پلانٹ کی طرح ملک سے بجلی بحران پر قابو پانے میں کار آمد ثابت ہوں گے۔

وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ حکومتی اقدامات کے باعث بین الاقوامی اداروں میں پاکستان کے حوالے سے بہتر تاثر قائم ہوا ہے اور ہم اسے مزید بہتر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں تا کہ ملک میں مزید سرمایہ کاری لائی جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ وطن عزیز سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، اگرچہ حکومتی اقدامات سے اس مسئلے پر کسی حد تک قابو پایا جا چکا ہے لیکن اس کے باوجود اب بھی بجلی بحران پر قابو پایا جانا باقی ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان پر سرگرم عمل وزیر داخلہ پنجاب شجاع خانزادہ کی شہادت سے ان کا مشن رکنے والا نہیں جب کہ کراچی میں ممبر قومی اسمبلی رشید گوڈیل پر بھی قاتلانہ حملہ کیا گیا لیکن اس قسم کی بزدلانہ کارروائیوں سے ہمارےعزائم میں کمی نہیں آئے گی اور دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری رہے گا۔