برسلز (پ۔ر) وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو یورپ میں اجاگر کرنے کے لئے کشمیر کونسل ای یو کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے گذشتہ روز یہاں برسلز میں کشمیر کونسل ای یو کے سیکرٹریٹ کے دورے کے موقع پر کہی۔ انھوں نے کہاکہ کشمیر کونسل ا ی یو علی رضا سید کی سربراہی میں یورپ میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
ہمارے لئے یہ بات قابل قدرہے کہ علی رضاسید اور ان کی ٹیم یورپ میں اپنا قیمتی وقت اورذرائع استعمال میں لاکر مظلوم کشمیریوں کی حمایت میں آواز بلند کر رہی ہے۔
وزیراعظم نے زوردیا کہ عالمی سطح پر کشمیریوں کی حمایت میں کوششیں تیز ترکی جانی چاہیے تاکہ کشمیریوں کی مشکلات کم ہو سکیں۔ اس موقع پر سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق، ایم ایل اے راجہ جاوید اقبال، وزیراعظم کے پی ایس او مسعود الرحمان اور پریس سیکرٹری راجہ وسیم موجود تھے۔
علی رضا سید اور کونسل کے سینئر عہدیداران ایمبسڈر انتھونی کرزنراور سردار صدیق نے وزیراعظم اور ان کے وفد کا استقبال کیا۔ اس موقع پر سینئر صحافی خالد حمید فاروقی، حافظ انیب راشد، دانشور شیراز راج اور سیاسی وسماجی شخصیات جبار خان اور شبیر جرال بھی موجود تھے۔