اسلام آباد: نگران وزیراعظم کے انتخاب کیلئے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات ختم ہو گئی ،دونوں رہنما ساڑھے 12 بجے اہم پریس کانفرنس کریں گے ،جس میں اہم اعلان متوقع ہے۔
قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کاکہنا ہے کہ نگراں وزیراعظم کے نام پرڈیڈ لاک ختم ہو گیا ہے ،وزیر اعظم کے ساتھ ساڑھے 12 بجے پریس کانفرنس ہے اس سے قبل ایک اور ملاقات ہوگی، معاملہ ففٹی ففٹی ہے،،انشاءاللہ نگراں وزیراعظم کے نام پراتفاق ہوجائے گا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل دونوں رہنماﺅں میں چھ ملاقاتیں ہو چکی ہیں جن میں نگران وزیراعظم کے نام پر اتفاق رائے نہیں ہو سکا ہے تاہم آج کی ملاقات میں امید کی جا رہی ہے کہ معاملہ حل ہو جائےگاتاہم اگردونوں رہنماﺅں میں اتفاق رائے نہ ہوا تو معاملہ 8 رکنی پارلیمانی کمیٹی کے پاس جائے گا
یاد رہے کہ نگراں وزیراعظم کی تعیناتی کےلئے پیپلز پارٹی کی جانب سے ذکا اشرف اور جلیل عباس جیلانی کے نام سامنے آئے ہیں جب کہ حکومت نے جسٹس (ر) تصدق حسین جیلانی اور جسٹس (ر) ناصرالملک کے نام تجویز کئے ہیں۔ اپوزیشن کی دوسری بڑی جماعت تحریک انصاف کی جانب سے پیپلز پارٹی کے پیش کردہ ناموں کو مسترد کیا گیا ہے تاہم حکومتی ناموں پر پی ٹی آئی متفق دکھائی دیتی ہے۔