کراچی: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی آج کراچی پہنچیں گے جہاں وہ رات قیام بھی کریں گے۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد 12 اگست کو پہلی بار کراچی کے دورے پر آئے تھے، انہوں نے ایک روزہ دورے میں امن وامان سے متعلق اجلاس کی صدارت کی جب کہ تاجر برادری سے بھی ملاقاتیں کی تھیں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم آج شام کراچی پہنچیں گے، ایئرپورٹ پر قائم مقام گورنر سندھ آغا سراج درانی ان کا استقبال کریں گے جب کہ وزیراعظم گورنر ہاؤس میں ہی قیام کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ وزیراعظم آج رات نجی تقریب میں شرکت کریں گے اور کل اینگرو پاور پلانٹ پورٹ قاسم کا دورہ کریں گے جہاں انہیں ایل این جی ٹرمینلز کے انتظامات اور کام پر بریفنگ دی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہےکہ وزیراعظم ایل این جی ٹرمینل ٹو اور تھری کے کام کا معائنہ بھی کریں گے۔ اس کے علاوہ وزیراعظم، تاجروں اور سرمایہ کاروں سمیت مسلم لیگ (ن) سندھ کے رہنماؤں سے بھی ملاقات کریں گے جس میں کراچی پیکیج سے متعلق بات چیت کی جائے گی۔ واضح رہے کہ اپنے دورہ کراچی میں وزیراعظم نے کراچی اور حیدرآباد کے لیے پیکیج کا اعلان کیا تھا۔