وزیراعظم او آئی سی کے خصوصی سربراہ اجلاس میں شرکت کیلئے کل ترکی روانہ ہوں گے
اسلام آباد؛ (اصغر علی مبارک) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اسلامی تعاون تنظیم کے خصوصی سربراہ اجلاس میں شرکت کے لئے کل ترکی روانہ ہوں گے جس میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں بے گناہ فلسطینیوں کے حالیہ قتل عام کے واقعات پر غور کیاجائے گا۔ یہ بات دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے آج اسلام آباد میں ہفتہ وار نیوز بریفنگ کے دوران کہی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق فلسطین کے تنازع کے دور ریاستی حل پر یقین رکھتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ پوری مسلم دنیا اس معاملے پرمتحد ہے۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ بھارت اپنی ملکی سیاست پراثر انداز ہونے کےلئے پاکستان کارڈ استعمال کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی ذرائع ابلاغ پاکستان کے خلاف متحرک ہیں اور بھارت عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ کشمیر سے ہٹانے کی کوشش کررہاہے۔