counter easy hit

وزیراعظم بھارتی جارحیت پر برہم، سویلین کو نشانہ بنانے کی اجازت نہیں دینگے : نواز شریف

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد : وزیر اعظم نواز شریف نے بھارت کی طرف سے ورکنگ باؤنڈری اور کنٹرول لائن پر جارحیت کے واقعات پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ وزیر دفاع کا کہنا ہے بھارت نے جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی تو منہ توڑ جواب دیں گے۔

وزیر داخلہ چودھری نثار کہتے ہیں بھارت خطے کی سلامتی کو داؤ پر لگا رہا ہے۔ وزیر اعظم نواز شریف نے سیالکوٹ ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی جارحیت کا سخت نوٹس لیا ہے، معصوم شہریوں کی شہادت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا بھارت سویلین آبادی کو نشانہ بنا کر بین الاقوامی قوانین ، روایات اور معاہدوں کی دھجیاں بکھیر رہا ہے۔ نواز شریف نے دفتر خارجہ اور وزارت دفاع کے حکام کو بھارت کی سرحدی خلاف ورزیوں کا معاملہ بھارتی حکام کے ساتھ اٹھانے کی ہدایت کی۔

پروگرام “دنیا کامران خان کے ساتھ ” میں بات کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا بھارت دہشتگردی کے خلاف جنگ میں رکاوٹ پیدا کرنا چاہتا ہے۔ حالیہ بھارتی جارحیت کا معاملہ عالمی فورمز پر اٹھایا جائے گا۔

اگر جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی تو منہ توڑ جواب دیا جائے گا ، دوسری طرف وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے برطانوی وزیر خارجہ فلپ ہیمنڈ سے ملاقات کے موقع پر کہا بھارت نت نئے بہانے بنا کر خطے کی سلامتی کو داؤ پر لگا رہا ہے۔ بلاجواز اور بلاوجہ ہر مسئلے پر پاکستان کو تنقید کا نشانہ بنانا ناقابل قبول ہے۔