اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف نے متعلقہ حکام کو یمن میں محصور دیگر پاکستانیوں کو جلد از جلد واپس لانے کی ہدایت کی ہے۔
اسلام آباد میں وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اہم اجلاس ہوا جس میں یمن میں جنگ کے باعث محصور پاکستانیوں کی واپسی کے امور کا جائزہ لیا گیا جب کہ اسحاق ڈار، خواجہ آصف، سرتاج عزیز اور طارق فاطمی نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران وزیر اعظم نے پہلے مرحلے میں یمن سے پاکستانیوں کی محفوظ واپسی کے عمل پر اطمینان کا اظہار اور دیگر محصور پاکستانیوں کو جلد ازجلد واپس لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یمن میں رہ جانے والے پاکستانیوں کی واپسی کے انتظامات تسلی بخش کئے جائیں۔