اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم محمد نواز شریف نے یمن میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کے فوری انخلاء کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ یمن میں ریاستی ڈھانچے کے تباہ ہونے سے پاکستانی شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
پاکستانیوں کی واپسی کیلئے ہنگامی اقدامات کئے جائیں۔ واضع رہے کہ یمن میں کشیدہ صورت حال کے باعث پاکستانیوں کی بڑی تعداد محصور ہو کر رہ گئی ہے۔
ان کے پاس اشیائے خورونوش بھی ختم ہو چکی ہیں جبکہ باہر جانا موت کو گلے لگانے کے مترادف ہے۔
اُدھر ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے کہا ہے کہ یمن کی خراب صورت حال سے متعلق پاکستانی کمیونٹی کو آگاہ کرکے انہیں ملک چھوڑنے کی ہدایت کی گئی تھی۔