جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کا خاندان پاناما لیکس میں دھنسا ہوا ہے، دال میں کالا نہیں پوری دال کالی ہے ۔حکومتی وزرا ساکھ وسیاست بچانے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر پگڑی اچھالنےاورسیاست میں تلخی کا بازارگرم کررہے ہیں۔
فیصل آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کرپشن کا خاتمہ قومی سلامتی کیلئے ناگزیر ہے۔سپریم کورٹ کے بینچ پر مکمل اعتماد ہے جو بھی فیصلہ ہوگاقوم قبول کرے گی ۔ جماعت اسلامی کا شروع دن سے مؤقف کرپشن کا خاتمہ اور سب کا احتساب ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاناماکے معاملہ پر سپریم کورٹ ایسا کمیشن بنائے جو بلا امتیاز تحقیقات اور ٹرائل کا روڈ میپ بھی دے ۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ کرپشن میں کمی کی ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ آنے کے پیچھے حکومت کا ہاتھ ہے ۔ حقیقت میں رشوت،کمیشن،سرکاری دفاتر میں حق لینے کیلئے اونچے درجے کی رشوت دینی پڑتی ہے، میرٹ کی پامالی بے روزگاری اور انتشار پھیلا ہوا ہے ۔ وزرا کے گھروں میں پانی کے ٹینکوں سے اربوں روپے مل رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکمران سی پیک کا لولی پاپ دے کر سیاست کررہے ہیں، ہمیں پاک چائنا منصوبے پر اتفاق ہے،حکومتی پالیسیوں پر اعتراض ہے۔لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ کشمیر کمیٹی مسئلہ کشمیر سے نابلد اور حکومتی رویہ مجرمانہ ہے، قومی کشمیر پالیسی تشکیل دی جائے ۔