کراچی: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کراچی پہنچ گئے ہیں جہاں وہ بجلی بحران پر اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اسلام آباد سے ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے ہیں۔ وزیر توانائی اویس لغاری بھی ان کے ہمراہ ہیں۔ شاہد خاقان عباسی نے کراچی میں بجلی کے بحران کا نوٹس لے لیا ہے۔
وزیراعظم لوڈشیڈنگ کے مسئلے پر کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے اجلاس کی صدارت کریں گے جس میں وفاقی وزیراویس لغاری، مشیر برائے خزانہ مفتاح اسماعیل شریک ہوں گے۔ اجلاس میں کیبنٹ کمیٹی بجلی کے بحران پر اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔
اجلاس میں کے الیکٹرک کے سی ای او طیب ترین اور سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کے ایم ڈی امین راجپوت بھی شرکت کریں گے اور توانائی بحران پر اپنی اپنی رپورٹس پیش کریں گے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کراچی میں سی پیک کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے۔