سینیٹ میں تحریک انصاف کے ایم این اے کی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے بیٹے کے ساتھ بیٹھے شخص کے ساتھ ہاتھا پائی ہوئی۔
سینیٹ الیکشن کے بعد جب نتائج کا اعلان ہوا تو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے بیٹے کے ساتھ مہمانوں کے لیے مختص گیلری میں بیٹھے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی انجینئر حامد الحق نے بھی دیگر رہنماؤں کی طرح عمران خان اور تحریک انصاف کے حق میں نعرے لگانا شروع کر دیئے۔نعرے لگاتے ہوئے تحریک انصاف کے ایم این اے اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکے اور اپنے ساتھ بیٹھے شخص پر گر گئے اور اٹھتے ہی عبداللہ عباسی کے ساتھ بیٹھے لڑکے کا گریبان پکڑنے کی کوشش کی۔عینی شاہدین کے مطابق ایم این اے حامد الحق جس لڑکے پر گرے وہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے صاحبزادے عبداللہ عباسی کا مبینہ دوست بتایا جاتا ہے۔
تحریک انصاف کے ایم این اے نے بظاہر باڈی بلڈر معلوم ہونے والے لڑکے کو دانتوں سے کاٹنے کی کوشش بھی کی تاہم وہ اس کوشش میں ناکام رہے۔بعدازاں ایوان کے عملے اور وہاں موجود دیگر افراد نے بیچ بچا کرایا اور سیکیورٹی عملہ وزیراعظم کے صاحبزادے کو ایوان سے باہر لے گیا۔وزیراعظم نے سینیٹ میں پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے پر افسوس کا اظہار کیا، وزیر اطلاعاتسینیٹ کی کارروائی کے دوران مہمانوں کی گیلری میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کے بعد وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے صاحبزادے عبداللہ اپنے اہل خانہ اور دوستوں کے ہمراہ سینیٹ کی کاروائی دیکھنے کے لیے ایوان میں موجود تھے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے سینیٹ میں ہونے والے ناخوشگوار واقعے پر افسوس کا اظہار کیا لیکن سینیٹ میں ہونے والے ناخوشگوار واقعے وزیراعظم کے صاحبزادے عبداللہ شامل نہیں تھے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ کس کی غلطی تھی اور کس کی نہیں، واقعے کا علم ہونے پر وزیر اعظم نے معزز رکن قومی اسمبلی جو مہمانوں کی گیلری میں موجود تھے اُن سے معذرت کی ہے۔