شہزادہ ہیری اور میگھن کی شادی کو یادگار بنانے کے لیے مٹی سے بنے ’یادگار مگ ‘ برطانیہ کی مشہور ’ایما برج واٹر‘ فیکٹری کی جانب سے تیار کیے گئے ہیں۔
اس فیکٹری کے کئی ملازمین ابھی بھی ایسے ہی مگ بنانے میں مصروف ہیں جبکہ ان کے مطابق ان کو ہزاروں کی تعداد میں مزید مگ بنانے کی تاکید کی گئی ہے۔
رائٹرز کے مطابق ملکہ برطانیہ کے چھوٹے پوتے ہیری اور امریکی اداکارہ میگھن کی شادی کی تقریب رواں سال 19 مئی کو مغربی لندن میں طے پائی ہے جس میں مختصر اور قریبی ساتھیوں کو مدعو کیا گیا ہے۔
’ایما برج واٹر‘ نامی یہ فیکٹری30 سال قبل قیام میں آئی تھی، اس کے لیے کہا جاتا ہے کہ یہ 1985 سے ہی شاہی خاندان کے لیے اپنی خدمات انجام دے رہی ہے۔
اس سے پہلے اسی فیکٹری نے ملکہ الزبتھ کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر مگ جاری کیے تھے اور صرف یہ ہی نہیں بلکہ شہزادہ ولیم اور کیٹ کی شادی کے موقع پر بھی ان ہی کی جانب سے یادگاری مگ تیار کیے گئے تھے۔
ان اہم تقریبات کے علاوہ بھی کئی دیگر مواقعوں پر’ ایما برج واٹر‘ نے شاہی خاندان کے لیے اپنی خدمات پیش کی ہیں جنہیں آج تک سراہا جارہا ہے۔