جدہ (بیورو رپورٹ) سعودی نائب ولی عہد و نائب وزیر اعظم اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان کا پاکستان میں فقیدالمثال استقبال اور پاکستانی آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات اور انکی طرف سے سعودی عرب کی بھرپور مدد کا اعلان بہت خوش آئند ہے۔
وزیراعظم پاکستان کا یہ بیان کہ علاقائی سالمیت کے لئے کسی بھی خطرے کے خلاف سعودی عرب کے عوام کے ساتھ کھڑے ہونگے اور دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط و مستحکم بنانے کے لیے دفاعی، دہشتگردی، سیکیورٹی ، سرمایہ کاری اور افرادی قوت کے معاملات میں بھرپور تعاون کا کیا جائیگا ہمارے لیے باعث اطمینان ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم سے ملاقات میں اس بات پر اتفاق کہ ہم خیال اسلامی ملکوں کا اتحاد قائم کیا جانا چاہیئے۔
ہم سمجھتے ہیں موجودہ تناظر میں یہ وقت کی اہم ضرورت ہے اور ہم ان تمام باتوں کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کمیونٹی ان تمام معاملات کو نہ صرف اچھی نظر سے دیکھتی ھے بلکہ ہر قسم کے تعاون کے لئے اپنے دوسرے گھر یعنی سعودی عرب کے لئے اپنا دست تعاون بڑھانے کے لیے ہمہ وقت تیار ھے۔