اسلام آباد(ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم نوازشریف کیخلاف پیر کو احتساب عدالت فیصلہ سنائے گی اور اس کیلئے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کرلیے گئے ہیں جبکہ اڈیالہ جیل کی صفائی کا کام بھی شروع کردیاگیا، ممکنہ طورپر جیل جانے سے قبل نوازشریف نے اپنے بھائی اور اپوزیشن لیڈر شہبازشریف سے بھی ملاقات جس دوران پارٹی کے معاملات زیربحث آئے جبکہ شہبازشریف نے بڑے بھائی کو حوصلہ دیتے ہوئے دعا کی کہ اللہ آپ کی مدد فرمائے۔ مقامی میڈ یاکے مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف نے اسلام آبادکی وزراء کالونی میں اپوزیشن لیڈر سے ملاقات کی جس میں نواز شریف کے جیل جانے کی صورت میں پارٹی امور چلانے پر مشاورت کی گئی،دونوں بھائیوں کی ملاقات 2 گھنٹے سے زائد تک جاری رہی، متوقع فیصلے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔عینی شاہدین کے حوالے سے بتایاگیاکہ نواز شریف روانگی سے قبل بھائی شہباز شریف سے گلے ملے اور دونوں بھائیوں نے ایک دوسرے کو دعائیں دیں، شہباز شریف بڑے بھائی کو رخصت کرنے گاڑی تک آئے اور دعا دیتے ہوئے کہا کہ اللہ آپ کی مدد فرمائے۔ذرائع کایہ بھی کہناہے کہ اگرنوازشریف جیل گئے تو (ن) لیگ کا مشاورتی بورڈ اہم فیصلے کرے گا، شہبازشریف سے ان کے اہل خانہ نے بھی ملاقات کی جس میں ان کے صحت اور نئے ٹیسٹس کے بارے میں بات چیت کی گئی۔اس سے قبل گزشتہ شام شہبازشریف سے ان کی اہلیہ تہمینہ درانی بھی ملاقات کرچکی ہیں۔