اسلام آباد : پرائیویٹ اسکولوں کی فیسوں میں اضافے پر وزیراعظم نواز شریف برہم ہوگئے، کہا کہ ملک میں معیار تعلیم کا پہلے ہی برا حال ہے، اوپر سے عوام پر فیسوں کا بوجھ بڑھایا جارہا ہے، یہ کیا ہورہاہے، وزارت تعلیم اور کیڈ نے اب تک نوٹس کیوں نہیں لیا۔
انہوں نے پرائیوٹ اسکولز ریگولیٹری اتھارٹی کو فوری بحال کرنے کا حکم دے دیا۔پرائیویٹ اسکولوں کی فیسوں میں اضافے پر احتجاج کرتے والدین کی صدائیں وزیراعظم ہاؤس تک پہنچ گئیں اور نواز شریف کے بھی کان کھڑے ہوگئے۔
وفاقی کابینہ اجلاس میں وزیراعظم نے اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے وزارت تعلیم اور کیڈ کو فوری کارروائی کی ہدایت کردی۔وزیراعظم نواز شریف نے پرائیویٹ اسکولوں میں فیسوں کے اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے کہاکہ ملک میں تعلیم کا معیار پہلے ہی خراب ہے اوپر سے عوام پر فیسوں کا بوجھ ڈالا جارہاہے ، یہ ہو کیا رہا ہے۔
وزیراعظم نے اس بات پر بھی برہمی کا اظہار کیا کہ اس معاملے پر ابھی تک وزارت تعلیم اور کیڈ نے کارروائی کیوں نہیں کی۔ نواز شریف نے پرائیویٹ اسکولز ریگولیٹری اتھارٹی کوبھی فوری طور پر بحال کرنے کا حکم جاری کردیا۔