ممبئی : اپنی نئی فلم ’باجی راؤ مستانی‘ کی تشہیر کے لئے منعقدہ تقریب کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے دیپیکا پڈوکون نے کہا کہ جب انہوں نے بطور اداکارہ فلم انڈسٹری میں قدم رکھا تو اس وقت پریانکا چوپڑا ایک بڑی اداکارہ تھیں لیکن یہ پریانکا ہی تھیں جو انڈسٹری میں ان کی پہلی دوست تھیں اور یہ رشتہ آج بھی قائم ہے۔
دیپیکا کا کہنا تھا کہ فلم ”باجی راؤ مستانی” کی شوٹنگ کے دوران بہت سے لوگوں کا خیال تھا کہ ہم دونوں کے درمیان کئی معاملات پر زبردست مقابلہ ہوگا لیکن ایسا کچھ نہیں ہوا۔
فلم کے ہدایتکار سنجے لیلا بھنسالی ہم دونوں کو اکثر مذاق میں لڑنے اور جھگڑا کرنے کا کہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ فلم کی شوٹنگ کے دوران پریانکا چوپڑا نے ہر معاملے میں ان کا بھرپور ساتھ دیا۔