ممبئی : اداکارہ پریانکا چوپڑا نئی فلم میں بھارتی جاسوس سربجیت سنگھ کی بہن بنیں گی۔
ڈائریکٹر اومنگ کمار بھارتی جاسوس سربجیت سنگھ کی بہن دلبیر کور کی زندگی پر فلم بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں اور دلبیر کے کردار کے لیے انہوں نے پریانکا کا انتخاب کیا ہے جو پہلے بھی ان کی فلم میں میری کوم بن چکی ہیں۔ اومنگ نے پریانکا سے رابطے شروع کر دیے ہیں تاکہ ان کی رضا مندی حاصل کرسکیں جو ان دنوں ایک امریکی ٹی وی سیریز کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔ پریانکا نے رابطے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اومنگ کی پیشکش کا جواب آئندہ سال دیں گی۔
یاد رہے پاکستانی سپریم کورٹ نے بھارتی جاسوس سربجیت سنگھ کو 1990ء میں لاہور اور فیصل آباد میں بم حملوں میں راہ چلتے 14 افراد کی ہلاکت پر سزائے موت سنا دی تھی اور دوران قید 2013ء میں سربجیت قیدیوں کے جان لیوا حملے میں دم توڑ گیا تھا۔ تاہم متذکرہ فلم سربجیت سنگھ نہیں بلکہ اس کی بہن دلبیر کور کی زندگی پر بنائی جا رہی ہے جس نے اپنے بھائی کو بے گناہ ثابت کرنے کے لیے ایک طویل قانونی جنگ لڑی اور اسے بھارت واپس لانے کی بھی بھر پور کوششیں کرتی رہی۔
اس سلسلے میں فلم انڈسٹری کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈائریکٹر اومنگ فلم میری کوم کی طرح ایک مرتبہ پھر پریانکا چوپڑا سے مرکزی کردار لینے کا ارادہ رکھتے ہیں اور وہ اس نئی فلم میں پریانکا کو دلبیر کور کے کردار کے لیے اداکارہ سے رابطے میں ہیں جس کا پریانکا نے بھی مثبت جواب دیا ہے۔
فلم کے پروڈیوسر زیشان قادری کا کہنا ہے کہ دلبیر کور کے کردار کے لیے دو تین نام زیر غور تھے تاہم اس اہم کردار کے لیے پریانکا کا نام سامنے آیا ہے اب یہ ڈائریکٹر اومنگ پر ہے کہ وہ کس اداکارہ سے اس کردار کے لیے مطمئن ہیں۔