اسلام آباد: پاکستان نے بھارت کے قائم مقام ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرکے لائن آف کنٹرول کے کوٹ کٹیرا سیکٹر پر بھارتی اشتعال انگیزی کے خلاف شدید احتجاج کیا ہے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ روز کوٹ کٹیرا سیکٹر پر بھارتی فورسز کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ سے خاتون شہری کی شہادت پر پاکستان میں تعینات بھارتی قائم مقام ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفترخارجہ طلب کرکے شدید احتجاج کیا گیا۔ دفترخارجہ کے مطابق ڈی جی ساؤتھ ایشیا ڈیسک ڈاکٹر محمد فیصل نے بھارتی قائم مقام ڈپٹی ہائی کمشنرکو احتجاجی مراسلہ بھی دیا جس میں کہا گیا کہ 11 جنوری کو کوٹ کٹیرا سیکٹر پر بھارتی فورسز نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی جس کے نتیجے میں 65 سالہ خاتون حسین بی بی شہید ہوئیں۔ بھارتی فورسز گزشتہ 12 روز میں 70 مرتبہ اور گزشتہ ایک سال میں 1900 مرتبہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرچکی ہے۔ بھارت 2003 کے سیز فائر معاہدے کا احترام کرے اور کوٹ کٹیرا سیکٹر سمیت سیزفائر کی خلاف ورزی کے دیگر واقعات کی تحقیقات کرے۔