کوئٹہ سے انصار الشریعہ سے تعلق کے شبہ میں گرفتار پروفیسر مشتاق بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز کے شعبہ مائیکرو بائیولوجی کے چیئرمین نکلے۔
آئی ٹی یونیورسٹی ذرائع کے مطابق پروفیسر مشتاق آئی ٹی یونیورسٹی کوئٹہ کے ملازم اورشعبہ مائیکرو بائیولوجی کے چیئرمین ہیں،پروفیسر مشتاق چار سال سے یونیورسٹی میں تدریس سے وابستہ ہیں۔ وہ یونیورسٹی کے بیچلر ہاسٹل میں ہی قیام پذیر تھے ۔ ادھرجامعہ بلوچستان کے رجسٹرار طارق جوگیزئی نے کہا ہے کہ گرفتار پروفیسر مشتاق کاجامعہ بلوچستان سے کوئی تعلق نہیں ہے اور نہ ہی وہ جامعہ میں ملازم ہیں۔
دوسری جانب انصار الشریعہ کے گرفتار دہشت گردوں سے تحقیقات کے دوران اہم انکشافات ہوئے ہیں ، اس تنظیم کے دہشت گرد تعلیم یافتہ ہی نہیں بلکہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال میں بھی مہارت رکھتے ہیں۔ انہوں نے موبائل فون ایپلی کیشن کے 5 سافٹ ویئرز بھی بنارکھے تھےجن کا علم حساس اداروں کو ان کی گرفتاری کے بعد ہوا۔ ذرائع کے مطابق پانچوں سافٹ ویئر فون کالنگ اور پیغامات کے لیے نہایت محفوظ تھے۔