پٹنہ (کامران غنی) اتر پردیس اردو اکادمی کی طرف سے انعامات کا اعلان کیا جا چکا ہے۔ اکادمی نے جہاں علمی و ادبی خدمات کے لیے شعرا و ادبا کو انعامات سے نوازے جانے کا فیصلہ کیا ہے وہیں گزشتہ سال منظر عام پر آنے والی بہترین کتابوں کو بھی انعامات کے لیے منتخب کیا ہے۔
اس فہرست میں سرزمین دربھنگہ سے تعلق رکھنے والی دو شخصیات کے اسمائے گرامی بھی شامل ہیں۔ بزرگ شاعر پروفیسر عبد المنان طرزی کی کتاب ”دربھنگہ نامہ” اور نوجوان شاعر و صحافی ، سہ ماہی دربھنگہ ٹائمز کے مدیر ڈاکٹر منصور خوشتر کا شعری مجموعہ” کچھ محفل خوباںکی” بھی اس فہرست میں شامل ہے۔
پروفیسر طرزی اور ڈاکٹر منصور خوشتر کی کتاب کو انعام کے لیے منتخب کیے جانے کا علمی و ادبی حلقے نے خیر مقدم کیا ہے اور انہیں مبارکباد پیش کی ہے۔
مبارکباد پیش کرنے والوں میں پروفیسر اسرائیل رضا سابق صدر شعبہ اردو پٹنہ یونیورسٹی پٹنہ، احمد اشفاق( قطر)، ڈاکٹر ریحان غنی، ڈاکٹر زرنگار یاسمین، شمیم قاسمی ،ایم آر چشتی، نور جمشید پوری (ریاض)، کامران غنی صبا،مرغوب اثر فاطمی، اصغر شمیم، نصر بلخی، انعام عازمی وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں۔