نئی دہلی (ڈاکٹر محمد راغب دیشمکھ) اردو نیٹ جاپان کی دعوت پر پروفیسر ڈاکٹر محمد خواجہ اکرام الدین پانچ روزہ دورے پر جاپان جارہے ہیں۔
’’ دنیا میری نظر میں ‘‘ کی رسم اجراء اور جاپان میں دو روزہ ورکشاپ بعنوان ’’ جاپان میں اردو زبان کے فروغ اور امکانات‘‘ میں بطور مہمان خصوصی کے طور پر شریک ہوں گے۔ اس پروگرام میں کناڈا سے محترمہ روبینہ فیصل کے علاوہ خلیجی ممالک سے اور جاپان میں مقیم اور پاکستانی اردو ادیب و شاعر شریک ہو رہے ہیں۔
پروفیسر ڈاکٹر محمد خواجہ اکرام الدین کو خصوصی طور پر شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ ان کے ہاتھوں ناصر ناکا گاوا ،ایڈیٹر اردو نیٹ جاپان کی کتاب ـ’’ دنیا میری نظر میں ‘‘ کی رسم اجراء عمل میں آئے گی۔
ناصر ناکا گاوا کی یہ کتاب ان کے مختلف سفر ناموں پر مبنی ہے۔ اس پروگرام کے علاوہ داتیوبنکا اور اوساکا یونیورسٹی کے اردو پروفیسرز سے بھی ان کی مخصوص ملاقات کا پروگرام طے ہے۔
واضح رہے کہ جاپان میں اردو بولنے والوں کے علاوہ اعلیٰ سطح پر اردو کی تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد موجود ہے۔