کراچی: پاکستان میں کی جانے والی غیرملکی سرمایہ کاری سے حاصل شدہ منافع کی بیرون ملک منتقلی نئے مالی سال کے آغاز پرتیز ہوگئی ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2017کے مہینے میں غیرملکی سرمایہ کاری سے حاصل شدہ 16کروڑ 40لاکھ ڈالر کا منافع بیرون ملک منتقل کیا گیا۔ گزشتہ مالی سال کے اسی مہینے کے دوران منافع کی منتقلی 14کروڑ 58لاکھ ڈالرریکارڈ کی گئی تھی۔ اس لحاظ سے سال بہ سال منافع کی منتقلی ایک کروڑ 81لاکھ ڈالر تک زائد رہی۔ اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2017کے دوران پاکستان میں 22کروڑ 26لاکھ ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی گئی۔ جولائی کے مہینے میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری سے حاصل شدہ 14کروڑ 19لاکھ ڈالر کا منافع منتقل کیا گیا جبکہ پورٹ فولیو سرمایہ کاری سے حاصل شدہ منافع کی منتقلی 2کروڑ 20لاکھ ڈالر رہی۔
رواں مالی سال کے پہلے مہینے جولائی کے دوران توانائی کے شعبے سے منافع کی منتقلی 4کروڑ 52لاکھ ڈالر رہی جبکہ ٹیلی کمیونی کیشنز کے شعبے سے بھی 4کروڑ ڈالر کا منافع منتقل کیا گیا۔ فنانشل بزنس سے حاصل شدہ 3کروڑ 26لاکھ ڈالر کا منافع جولائی 2017 کے دوران بیرون ملک منتقل کیا گیا۔ فوڈ پیکجنگ ایک کروڑ 23لاکھ ڈالر جبکہ فارما سیکٹر ایک کروڑ 35لاکھ ڈالر کے منافع کی منتقلی کے ساتھ دیگر نمایاں شعبوں میں شامل رہے۔