راولپنڈی(مانیٹرنگ رپورٹ)باخبر زرائع کے مطابق نالہ لئی ایکسپریس وے منصوبہ کیلئے پراجیکٹ منیجمنٹ یونٹ بنانے کی منظوری دیدی گئی ہے۔جس کا بجٹ100ملین روپے تک ہوگا۔منظوری پنجاب ورکنگ ڈویلپمنٹ پارٹی(پی ڈبلیو ڈی پی) نے دی ہے۔جبکہ نالہ لئی پراجیکٹ میں اربن ری جنریشن کیلئے فزیبیلٹی سٹڈی کرانے کی منظوری بھی دی گئی ہے۔جس کے لئے23ملین روپے کی منظوری دی گئی ہے۔اربن ری جنریشن تجویز کے تحت نالہ لئی کے دونوں کناروں پر تعمیرات کرنے کا جائزہ لیا جائے گا۔زرائع کے مطابق سابق کمشنر راولپنڈی کیپٹن ریٹائرڈ محمد محمود نے نالہ لئی منصوبہ کو جہاں چھوڑا تھا وہاں سے ہی اس کو دوبارہ شروع کیا گیا ہے۔اربن ری جنریشن کا آئیڈیا بھی کیپٹن ریٹائرڈ محمد محمودکا تھا۔تاہم ان کو ہٹانے کے باعث منصوبہ کام کی رفتار سست روی کا شکار ہوگئی تھی۔جسے اب دوبارہ پنجاب حکومت نے تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔زرائع کے مطابق نالہ لئی ایکسپریس وے منصوبہ کا ابتدائی ڈیزائن نیسپاک نے مکمل کیاہے۔زرائع کے مطابق نالہ لئی ایکسپریس وے میں تین انٹر چینج ہوں گے۔جو کٹاریاں،مری روڈ اور عمار چوک پر ہیں۔تین انڈر پاس بنیں گے جومری روڈ،ریلوے لائن اور عمار چوک پر ہیں۔جبکہ آٹھ فلائی اوورز ہوں گے۔جو ڈھوک نجو،پیر ودھائی،گنجمنڈی،رتہ امرال،سٹی صدر روڈ،گوالمنڈی،ڈھوک چراغ دین اور چکلالہ سکیم تھری پر بنیں گے۔ لئی ایکسپریس وے کے منصوبہ سے 1600سڑکچر متاثر ہونگے جن میں 1172سٹرکچرز کا باقاعدہ سروے کیا جا چکا ہے۔ منصوبہ کیلئےتقریبا ایک ہزار کنال اراضی ایکوائر ہونی ہے۔سابق کمشنر راولپنڈی ڈویژن کیپٹن ریٹائرڈ محمد محمود نے منصوبہ کو پرائیویٹ پبلک پارٹنر شپ کے تحت اورسیلف فنڈز جنریشن کی بنیاد پر آگے بڑھایا ہوا تھا۔سیلف فنڈز جنریشن کے تحت تین تجاویز تیار کی گئیں تھیں۔ نالہ لئی ایکسپریس وے کیلئے فنڈز کے انتظام کے سلسلے میں ٹریٹمنٹ پلانٹ کیلئے اڈیالہ روڈ پر داگل ٹریٹمنٹ پلانٹ کی 5ہزار کنال اراضی میں سےچار ہزار کنال سے زیادہ اراضی کو کمرشل کرکے فروخت یا لیز کرکے پیسے حاصل کرنے کی تجویز زیر غور تھی۔پرائیویٹ پبلک پارٹنر شپ کے تحت ایک بڑے تعمیراتی گروپ نےابتدائی طور پر کچھ تجاویز دی ہیں۔جن پر باضابطہ طور پر ابھی گفتگو کا آغاز نہیں ہوا بلکہ تحریری شکل میں تجاویز موصول ہونے کا انتظار کیا جارہا ہے۔فنڈز کے انتظامات کے سلسلے میں گروپ نے نالہ لئی کو مختلف جگہوں سے چھ کلومیٹرکے لگ بھگ چھت ڈال کرکور کرکے کمرشل ایریاز بنانے کی تجویز دی ہے۔جہاںدوکانیں بنا کر نیلام کرکے پیسوں کا انتظام کیا جاسکتاہے۔ زرائع کے مطابق نالہ لئی ایکسپریس وے کیلئے ریالٹو چوک کے قریب ایف ڈبلیو اوزیر استعمال35کنال اراضی کا بھی فیصلہ ہونا ہے۔ نالہ لئی کی آئی جے پی روڈ پر چوڑائی30 میٹر جبکہ آخری پوا ئنٹ جی ٹی روڈ پر چوڑائی 52 میٹر کے قریب ہے۔جی ٹی روڈ این3برج پررو زانہ کی اوسط ٹر یفک77ہزارگاڑیاں ہیں۔ جو انٹرچینج کے ذ ر یعے لئی ایکسپر یس وے پر آسکیں گی۔اسی طر ح دیگر مختلف تیرہ جگہوں پر بھی مختلف روٹس کی ٹریفک کو نالہ لئی ایکسپریس وے پر لانے کیلئے ان جگہوں کو انٹر چینج یا ڈا ئون ریمپس کے ذ ر یعے منسلک کیا جائے گا۔