کراچی : سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کا تاریخ ساز مقدمہ لڑنے والے نامور قانون دان اور وکیل عبدالحفیظ لاکھو کراچی میں انتقال کرگئے۔
سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کو تختہ دار سے بچانے کی کوشش کرنے والے اور تاریخ ساز مقدمے میں سابق وزیراعظم کی پیروی کرنے والے نامور قانون دان اور سینیر وکیل عبدالحفیظ لاکھو کراچی میں انتقال کرگئے، وہ کافی عرصے سے علیل تھے۔عبدالحفیظ لاکھو کی نماز جنازہ بعد نماز ظہر سلطان مسجد ڈیفنس کراچی میں ادا کی جائے گی، عبدالحفیظ کے انتقال کے بعد تمام وکلا بارز اور عدالتوں میں کارروائیاں معطل کردی گئی ہیں۔دوسری جانب سندھ ہائی کورٹ میں آج لگنے والے مقدمے بھی عبدالحفیظ کے انتقال کی وجہ سے زیر سماعت نہیں آسکیں گے۔ واضح رہے کہ عبدالحفیظ لاکھو کے بیٹے مبین لاکھو بھی سندھ ہائی کورٹ کے نامور وکیل ہیں۔