میڈرڈ: ہسپانوی سیاست دان اور میڈرڈ کمیونیٹی کی صدر کرسٹینا سیفیونٹس نے شاپنگ مال میں چوری کی اپنی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق اسپین کی میڈرڈ کمیونیٹی کی 53 سالہ صدر کرسٹینا نے 2011 کی ایک ویڈیو لیک ہونے پر عوامی دباؤ کے پیش نظر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ ویڈیو میں کرسٹینا کو شاپنگ مال سے چرائے گئے سامان کو سیکیورٹی گارڈ کو واپس کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ انہوں نے شاپنگ مال سے بڑھتی عمر کے اثرات کو کم کرنے والی دو کاسمیٹک کریم چرائی تھیں۔
کرسٹینا اسپین کی حکمراں جماعت پارٹیڈو پاپولر کی اہم رہنما ہیں جو گزشتہ ہفتے اپنی جعلی ڈگری کے خبروں کی وجہ سے مشکلات کا شکار رہی تھیں جس کے باعث انہیں اپنی جماعت اور عوام کی جانب سے مستعفی ہونے کے لیے شدید دباؤ کا سامنا تھا تاہم شاپنگ مال میں چوری کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد کرسٹینا نے اپنا استعفیٰ وزیراعظم ماریانو راجوئے کو پیش کردیا ہے۔