کراچی (یس ڈیسک) پروٹیکشن آف پاکستان ایکٹ پر عملدرآمد کا آغاز ہو گیا ہے، کراچی پولیس نے پروٹیکشن آف پاکستان ایکٹ پر کام شروع کردیاہے۔ پہلے مرحلے میں مکان خریدنے اور کرائے پر لینے والوں کی رجسٹریشن کو لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔
سب سے پہلے پولیس نے اسٹیٹ ایجنٹس کی معلومات اکٹھی کی ہیں جس میں رجسٹرڈ اور غیر رجسٹررڈ دونوں شامل ہیں، اسٹیٹ ایجنٹس کوپابند کیا گیا ہے کہ وہ مکان کی خرید و فروخت اور کرائے پر لینے یا دینے والوں کی معلومات متعلقہ تھانے میں جمع کرائیں گے، یہ معلومات ہر15 روز بعد تھانوں کے اندر جمع کرائی جائیں گی جبکہ خلاف ورزی کرنے والے ایجنٹس کے خلاف کارروائی کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔
جو افراد کسی پراپرٹی کی خرید اور فروخت یا کرائے پر لینے یا دینے میں شامل ہوں گے ان کے شناختی کارڈز کی تصدیق کے علاوہ قانون نافذ کرنے والے ادارے متعلقہ مقامات پر جاکر ان کے بارے میں ذاتی تصدیق بھی کریں گے۔ ہر ضلعے کی سطح پر ایک سیل بنایا گیا ہے جو تمام تھانوں کا ریکارڈ مرتب کر کے ہر 15روز میں متعلقہ ایس ایس پی کو معلومات فراہم کرے گا۔