کراچی: منگھو پیر میں 6 سالہ بچی کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کردیا گیا جبکہ واقعے کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین پر پولیس نے سیدھی فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 3 افراد شدید زخمی ہوگئے جن میں سے ایک کی حالت تشویش ناک ہے۔
کراچی کے علاقے منگھو پیر میں بچی کو زیادتی و اغوا کے بعد قتل کردیا گیا۔ بچی کی لاش کچرا کنڈی سے ملی جس کی شناخت رابعہ کے نام سے ہوئی۔ پولیس کے مطابق رابعہ کی عمر 6 سال اور بلوچ پاڑہ کی رہائشی ہے۔ بچی کے والد کے بیان کے مطابق رابعہ 15 اپریل اتوار کو گھر سے کھیلنے نکلی اور اس کے بعد لاپتہ ہوگئی۔
والد نے اورنگی ٹاؤن میں گمشدگی کا مقدمہ درج کرا کے 3 افراد کو نامزد کیا۔ تاہم آج علی الصبح بچی کی لاش کچرا کنڈی سے برآمد ہوئی جس کے بعد لواحقین کی جانب سے ایم پی آر کالونی میں احتجاج شروع کردیا گیا تاہم پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کےلیے آنسو گیس کی شیلنگ اور فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوگئے۔ مشتعل مظاہرین کی جانب سے بھی پولیس پر پتھراؤ کیا گیا۔
ایس ایس پی ویسٹ کا کہنا ہے کہ بچی کا والد لاش لے جانا چاہتا ہے لیکن سیاسی کارکنان احتجاج جاری رکھنے کے لئے بچی کے لواحقین کو مجبور کررہے ہیں۔ ایس ایس پی کے مطابق بچی کے والد کی جانب سے نامزد کئے گئے 3 ملزمان میں سے 2 کو گرفتار کرکے ڈی این اے سیمپل لئے جاچکے ہیں تاکہ رپورٹ میں زیادتی کی تصدیق ہوسکے، جب کہ ملزمان کے ایک اور ساتھی کی تلاش جاری ہے۔