برمنگھم(نمائندہ خصوصی) فلاحی ادارے بی ٹی ایم کے زیر اہتمام 15 جنوری کو کشمیری بھائیوں سے یکجہتی اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف وکٹوریہ سکوائر کے مقام پرمشعل بردار احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ جس کا اہتمام کرنے والی بی ٹی ایم نامی تنظیم کی چیئرپرسن سمیرا فرخ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ برطانیہ اور دنیا بھر میں کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف آگاہی کیلئے ہم نے علم جہاد بلند کیا ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ خواتین اور بچے ، طلباو طالبات اور ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اس میں ہماری مدد کریں اور احتجاجی مظاہرے میں شامل ہو کر اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا حق ادا کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کے علاوہ برطانیہ بھر سے سماجی و سیاسی شخصیات اس مظاہرے میں شرکت کریں گی اور ہم چاہتے ہیں کہ عالمی سطح پر کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہونے والے ظلم و ستم کو بے نقاب کیا جائے تاکہ کشمیری بھائیوں کو بھی آزادی کا سورج دیکھنا نصیب ہو اور ان پر سے ظلم و بربریت کے بادل چھٹ جائیں۔