جرمنی کے دارالحکومت برلن کے پوسٹڈامر پلاٹز پر نوجوان پاکستانی طالب علم مشال خان کے قتل کے خلاف مظاہرہ کیا گیا جبکہ اس کی یاد میں چراغاں بھی کیا گیا۔
پاکستانی سول سوسائٹی کی سرگرم تنظیم ’کرٹکل پاکستان‘ کی جانب سے مشال خان کی یاد میں چراغاں اور مظاہرے کا اہتمام کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے میں برلن میں مقیم جرمن اور پاکستانی طلبہ، دانشور، اور سماجی کارکنان موجود تھے۔ مقررین نے مشال خان کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت پاکستان سے اپیل کی کہ مشال خان کے قاتلوں کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔
اس موقع پر مظاہرین نے ’جسٹس فور مشال‘ کے پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے۔ مظاہرے میں موجود دانشور طبقے کی جانب سے پاکستان میں توہین مذہب کے قانون کا غلط استعمال روکنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔