لاہور(مانیر نگ ڈیسک)وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ مرحلہ وار پروگرام کے تحت ہر ضلع میں پناہ گاہیں تعمیر کی جائیں گی اور ان پناہ گاہوں کی تعمیر سے بے گھر افراد کو شدید سردی میں کھلے آسمان تلے نہیں سونا پڑے گا، سڑکوں پر سونے والے افراد کو چھت اور کھانا فراہم کرکے ریاست اپنی ذمہ داری پوری کر رہی ہے ، انسانیت کی فلاح و خیر خواہی کیلئے خدمات سرانجام دینا ہماری حکومت کی ترجیحات میں سے اولین ہے، وزیر اعظم عمران خان ہمہ وقت معاشرے کے عام طبقے کی فلاح اور بھلائی کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے صوبے کے ہر ضلع میں سڑکوں پر سونے والے افراد کیلئے پناہ گاہیں بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف عام آدمی کی فلاح و بہبود کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، معاشرے کے پسے ہوئے افراد کا خیال رکھنا ہماری ذمہ داری بھی ہے،فرض بھی اور ایسے افراد سے حسن سلوک اور صلہ رحمی کا درس دین اسلام بھی دیتا ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت صلہ رحمی کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کر رہی ہے اور پناہ گاہ جیسے فلاحی منصوبے بنانا اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ سردار عثمان احمد خان بزدار کا کہنا تھا کہ صلہ رحمی اور حسن سلوک معاشرے میں محبت اور بھائی چارے کو فروغ دینے کا موثر ذریعہ ہے اور اس سے انسانی زندگیوں میں آسانیاں پیدا ہوتی ہیں، وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر لاہور اور راولپنڈی میں سڑکو ں پر سونے والے افراد کیلئے پناہ گاہوں کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے اور میں ذاتی طور پر پناہ گاہوں کے تعمیر کے منصوبے کی نگرانی کر رہا ہوں،لاہور میں پناہ گاہوں کا منصوبہ جلد مکمل ہوگا اور میں نے اس ضمن میں خود دورہ کرکے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کی ہیں۔پناہ گاہوں کی تعمیر کا مقصد سڑکوں پر سونے والے افراد کو موسم کی سختیوں سے بچا کر چھت اور کھانا فراہم کرنا ہے۔ پائلٹ پراجیکٹ کے تحت لاہور میں تعمیر ہونے والی پناہ گاہیں سٹیٹ آف دی آرٹ ہوں گی۔