پشاور (یس ڈیسک) پشاور میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران تین دکان داروں کے جاں بحق ہونے پرعوامی نیشنل پارٹی کے رہنما غلام احمد بلور نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت اب اس قابل نہیں کہ حکمرانی کرے۔
گھنٹا گھر میں گزشتہ روز تجاوزات کے خلاف آپریشن کےدوران جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کے حق میں تاجروں اور عوامی نیشنل پارٹی کے کارکنوں نے مظاہرہ کیا۔ اے این پی کے مرکزی رہنما غلام احمد بلور اور ہارون بلور نے بھی مظاہرے میں شرکت کی۔
غلام احمد بلور نے کہا کہ صوبائی حکومت کارکردگی دکھانے اور عوام کو تحفظ دینے میں ناکام ہوچکی ہے۔ ان کاکہنا تھا کہ گھنٹا گھر جیسا واقعہ تو سکھوں کے دور حکومت اور مارشل لا دور میں بھی نہیں ہوا لیکن عمران خان اور پرویز خٹک کے مارشل لا میں لوگ مررہے ہیں۔ غلام احمد بلور کا کہنا تھا کہ دوسروں سے استعفا مانگنے والے اب اپنے استعفے کیوں پیش نہیں کرتے۔