اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے فیاض الحسن کے اقلیتوں سے متعلق بیان اور فیصل واوڈا کے ایل او سی پر فوٹو سیشن پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کے بیان پر اظہار ناراضی کیا ہے وزیراعظم نے صوبائی وزیر کے ریمارکس کو انتہائی نامناسب قرار دے دیا، وزیراعظم کا کہنا ہے کہ اقلیت کیخلاف مذہبی بنیاد پر ریمارکس برداشت نہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے بھارتی طیارے گرائے جانے پر وفاقی وزیر فیصل واوڈا کے ایل او سی پر کھڑے ہو کر فوٹو سیشن کرانے پر بھی سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ شکر ہے فیصل واوڈا پستول لے کر ایل او سی کراس نہیں کر گئے، انہوں نے کہا کہ تصاویر سوشل میڈیا پر جاری کرنا کونسا شہرت کا طریقہ ہے؟۔ واضح رہے کہ وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے مطالبہ کیا ہے کہ پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کیخلاف اقلیتوں کے خلاف ریمارکس دینے پر ایکشن لیا جائے۔ نعیم الحق نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت سینئر رکن کی طرف سے اس قسم کی فضول گفتگو برداشت نہیں کرے گی۔ انہوں نے لکھا کہ وزیراعلیٰ کے ساتھ مشاورت کے بعد عملی اقدام اٹھایا جائے گا۔ یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور پنجاب حکومت کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے جس میں وہ اقلیتوں کے خلاف نفرت آمیز گفتگو کر رہے تھے۔ صوبائی وزیر کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
دوسری طرف صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے اپنے بیان پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ میرا بیان نریندر مودی، بھارتی فوج اور میڈیا سے متعلق تھا، میرا ٹارگٹ قطعی طور پر ہندو برادری نہیں تھی، میرے الفاظ سے کسی کی دل آزاری ہوئی تو معذرت خواہ ہوں۔تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان پر ہندﺅوں سے متعلق بیان پر شدید تنقید کی جا رہی ہے اور ان کا بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔