شکارپور (ویب ڈیسک) ایس ایس پی شکارپور ڈاکٹر رضوان احمد خان نے صوبائی وزیر برائے توانائی امتیاز احمد شیخ کیخلاف سنگین الزامات پر مبنی خفیہ رپورٹ پیش کردی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ امتیاز شیخ جرائم پیشہ کے سرپرست ہیں اور ان کے ڈاکوؤں سے روابط ہیں۔انہوں نے پولیس میں من پسند
افسران بھرتی کرائے ، بھائی اور بیٹے کی ریکارڈنگ تفصیلات موجود ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر برائے توانائی امتیاز احمد شیخ ان کے بھائی مقبول احمد شیخ، بیٹے فراز احمد شیخ اور بھتیجے فیاض محمود شیخ کیخلاف ایس ایس پی شکارپور ڈاکٹر رضوان احمد خان کی جانب سے سنگین الزامات پر مبنی خفیہ رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد شکارپور کے سیاسی حلقوں میں ہلچل مچ گئی ہے۔ 20؍ صفحات پر مشتمل خفیہ رپورٹ میں ایس ایس پی شکارپور کی جانب سے صوبائی وزیر امتیاز احمد شیخ پر لگائے گئے الزامات میں شہر کا امن و امان تباہ کرنے، جرائم پیشہ عناصر کی سرپرستی کرنے، اثر رسوخ استعمال کرتے ہوئے جرائم کی نیت سے محکمہ پولیس میں من پسند افسران کو بھرتی کرانے،کچے کے ڈاکؤں کے ساتھ روابط قائم ہونے سمیت دیگر سنگین الزامات شامل کئے گئے ہیں۔ شکارپور کے کچے میں پولیس کی جانب سے کی جانے والی آپریشن کے ہر بارناکام ہونے کی ذمہ داری بھی مذکورہ صوبائی وزیر پر عائد کرتے ہوئے ملزمان کے ساتھ ان کی بات چیت کی ریکارڈنگ کی مکمل تفصیلات بھی سامنے لائی گئی ہے۔