اسلام آباد : بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے میں پنجاب کے بارہ اضلاع میں ایک کروڑ چھیالیس لاکھ اناسی ہزار اور سندھ کے چودہ اضلاع میں اکہتر لاکھ سینتیس ہزار سے زائد ووٹر حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
حلقہ بندیوں کے معاملے پر سپریم کورٹ کی جانب فیصلے کا اختیار ملنے کے بعد الیکشن کمیشن نے سندھ کے آٹھ اضلاع کی اٹھارہ ٹاؤن، پانچ میونسپل کمیٹیوں اور تریپن یونین کونسلز میں بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے کیلئے ہونے والی پولنگ ملتوی کر دی ہے۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن نے پریس کانفرنس میں بتایا الیکشن مؤخر ہونے والے حلقوں میں دو ہفتوں کے اندر نئی حلقہ بندیاں کی جائیں گی اسکے بعد پولنگ کی نئی تاریخ دینگے۔
ملتوی ہونے والے انتخابات بلدیاتی الیکشن کے تیسرے مرحلے کے بعد ہونگے۔ بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے کیلئے سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ حساس پولنگ اسٹیشنز پر رینجرز بھی تعینات ہو گی۔