پی ایس ایل میں سٹے بازوں سے رابطے کے شبے میں 10کھلاڑیوں کیخلاف تحقیقات جاری ہیں۔ابتدائی تحقیقات کے حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں اور بکیز کی ملاقات دبئی میں اسٹیڈیم کےپاس واقع ایک فاسٹ فوڈریسٹورینٹ میں ہوئی تھی ۔
تحقیقات کاآغاز پی سی بی نےنہیں بلکہ آئی سی سی نے کیا ۔کھلاڑیوں کےخلاف آپریشن آئی سی سی کے انٹرنیشنل انویسٹی گیٹرزنے پی سی بی کواعتماد میں لے کرکیا۔ ذرائع کے مطابق شرجیل خان اورخالد لطیف نے فی میچ 4تا5 لاکھ روپے ڈیل کی ۔ کئی کھلاڑیوں نےسٹے بازوں کو خراب کارکردگی کا یقین دلایا تھا ۔کچھ کھلاڑیوں نے سٹے بازوں کی پیشکش کو قبول کیا جبکہ کچھ نے منع کردیا ۔جن کھلاڑیوں کو واپس وطن بھیجا گیا انہوں نے سٹے بازوں کی پیشکش کو قبول کرلیا تھا۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ کراچی کنگز کے شاہ زیب حسن کے موبائل فون کا ڈیٹا حاصل کیا گیا۔پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب سے پہلے سٹے بازوں کا گروہ کھلاڑیوں کے ہوٹل میں نظر آیا۔ پی ایس ایل میں کھلاڑیوں کے خلاف کارروائی آئی سی سی کے گرینڈ آپریشن کا حصہ ہے۔شاہ زیب حسن اورمحمد عرفان کو فیلڈ سے بلا کر پوچھ گچھ کی گئی۔ شرجیل خان اور خالد لطیف گزشتہ روز پاکستان پہنچ چکے ہیں تاہم اسلام آباد یونائیٹڈ کے محمد عرفان کوبھی آج لاہور روانہ کرنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کےذوالفقار بابر کو بھی وطن واپس بھیجے جانے کا امکان ہے۔