پاکستان سپر لیگ کے فائنل کیلئے دبئی میں ہونے والے اجلاس میں 2017 کے ایونٹ کا فائنل پانچ مارچ کو لاہور میں کرانے کا حتمی فیصلہ کیا گیا ہے۔
پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے لاہور میں انعقاد کے حوالے سے آج دبئی میں پی ایس ایل چیئرمین نجم سیٹھی اور فرنچائز مالکان کے درمیان ملاقات ہوئی۔
پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے مقام کے تعین سے متعلق اجلاس میں فرنچائز مالکان اور چیئرمین پی ایس ایل نے تبادلہ خیال کیا جس میں فرنچائز مالکان نے اپنی ٹیموں میں شامل غیر ملکی کھلاڑیوں کے فائنل کے حوالے سے تاثرات سے آگاہ کیا۔
مزید پڑھیں: ‘غیر ملکی کھلاڑی آئیں یا نہیں لیکن فائنل پاکستان میں کرائیں’
اجلاس میں تمام فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان سپر لیگ 2017 کے ایڈیشن کا انعقاد لاہور میں ہی ہو گا جو ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے نقطہ آغاز ثابت ہو گا۔
تمام فرنچائز نے اس بات پر اتفاق کیا کہ چاہے غیر ملکی کھلاڑی آئیں یا نہ آئیں، لیکن لیگ کا فائنل رواں سال لاہور میں ہی منعقد کرایا جائے گا۔
پی ایس ایل چیئرمین نجم سیٹھی نے اپنی ٹوئٹ میں فائنل لاہور میں کرانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پی ایل مینجمنٹ اور فرنچائز مالکان نے فائنل لاہور میں کرانے کا عزم ظاہر کیا ہے اور ہم وزیر اعظم، آرمی چیف اور چاروں صوبوں کو وزرائے اعلیٰ کو قذافی اسٹیڈیم میں فائنل دیکھنے کی دعوت دیتے ہیں۔