کراچی: پی ایس پی کے چئیرمین مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ ہماری ڈیڑھ سالہ جماعت نے 40 سالہ پرانی سیاسی جماعتوں کی نیندیں حرام کردیں ہیں۔
کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے چئیرمین پی ایس پی مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ ہمارے کارکنان اور ذمہ داران نے صرف ڈیڑھ سال کے عرصے میں اپنی محنت اور جدوجہد کے ذریعے 40 سال پرانی سیاسی جماعتوں کی نیندیں حرام کردی ہیں ان کے صبح دوپہر شام کے قول و فعل میں تضاد پیدا کردیا ہے، یہ ہمارے نظریئے کی سچائی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد عوام کی بے لوث خدمت کرنا ہے اور تمام مذاہب رنگ و نسل سے تعلق رکھنے والے افراد کو ایک جگہ جمع کرنا چاہتے ہیں، ہم اپنے سیاسی و لسانی مخالفین سے بھی دشمنی نہیں چاہتے، ہمارا نظریاتی اختلاف ضرور ہوگا لیکن ہم اپنی دعوت کا کام نہیں روکیں گے۔ ہم نے بغیر دشمنی کے کراچی سمیت سندھ کے تمام اضلاع کے مسائل کو حل کرنا ہے اور پاکستان کے ڈھائی کروڑ بچے جو حصول تعلیم سے محروم ہیں انہیں تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ہے۔ ہمارا مقصد جو بچے بھوک اور امراض کی وجہ مر جاتے ہیں انہیں مرنے سے بچانا ،نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنا اور پورے ملک میں انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔
چئیرمین پی ایس پی ایس نے کہا کہ جو لوگ یہ کہتے ہیں کہ ہم نے منظر عام پر آکر دوسری جماعتوں کو الجھن میں ڈال دیا، اگر ڈیڑھ سالہ پارٹی نے 35 سال کی جمی ہوئی گرد کو ہٹا کر کسی جماعت کو جھنجھوڑ دیا ہے تو یہ ہماری کامیابی ہے، جو لوگ پریشان ہیں کل وہ ہمارے ساتھ شامل ہوں گے کیوں کہ ایمان لانے سے پہلے اپنے گناہوں پر ندامت ہونی ضروری ہے۔