کراچی میں پاک سرزمین پارٹی کے جلسے کےلیے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں ،کارکنوںکی آمد کاسلسلہ بھی جاری ہے۔
پاک سرزمین پارٹی کے تحت آج جلسہ منعقد کیا جارہا ہے ، جس سے مصطفیٰ کمال و دیگر رہنما خطاب کریں گے ۔انیس قائم خانی کا کہنا ہے کہ مصطفیٰ کمال آج اہم اعلان کریں گے ، کراچی کے لوگ اپنےحقوق کے لیے نکلیں۔
رضا ہارون نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اپنے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لئے جلسے میں شرکت کریں۔ ان کا کہنا ہے کہ اب عوام کو ڈرامے بازیوں سے چھٹکارا ملنے والا ہے۔
کراچی کے ایم اے جناح روڈ پر تبت سینٹر کے قریب پاک سرزمین پارٹی کے جلسہ سہ پہر کو ہوگا جس کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، تبت سینٹر پرپارٹی کا کیمپ آفس بھی قائم کیا گیا ہے۔جلسے سے قبل5بکروں کا صدقہ بھی دیا گیا۔
رات گئے پی ایس پی کے سربراہ مصطفیٰ کمال، انیس قائم خانی، رضا ہارون اور ڈاکٹر صغیر احمد سمیت دیگر رہنماؤں نے کیمپ آفس کا دورہ کیا تھا۔
جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے رضا ہارون کا کہنا تھا کہ جلسے میں کراچی کا اتحاد پورے پاکستان کے اتحاد کا ثبوت ہوگا۔
ادھر ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ مزار قائد سے ٹاور آنے والی ٹریفک کو صدر اور ٹاور سے جانے والے ٹریفک کو گارڈن کی جانب موڑا جائے گا۔