واشنگٹن (ویب ڈیسک)گزشتہ صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کے حق میں راہ ہموار کرنے میں روس نے جو کردار ادا کیا اس کے بارے میں ایف بی آئی کے علاوہ امریکی کانگرس بھی تفتیش کر رہی ہے۔ تاہم واشنگٹن پوسٹ نے ایک ریسرچ رپورٹ حاصل کرکے شائع کر دی ہے جو سینیٹ کی ہدایت پر تیار ہوئی ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق ایسے واضح شواہد مل گئے ہیں کہ روس نے گزشتہ صدا ر تی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو جتوانے کیلئے سوشل میڈیا کے تمام پلیٹ فارم استعمال کئے تھے۔ یہ رپو ر ٹ سینیٹ کی انٹیلی جنس کمیٹی نے تیار کروائی ہے جس کے چیئرمین ریپبلکن سینیٹر رچرڈ بر اور رینکنگ ممبر ڈیمو کریٹ سینیٹر مارک وارنر ہیں۔ یہ رپورٹ آکسفورڈ یونیورسٹی کیساتھ کام کرنیوالی ایک فرم گرافیکا نے تیار کی ہے جس نے روس کیلئے کام کرنیوالے ادارے انٹرنیٹ ر یسر چ ایجنسی کی خفیہ تفتیش کی ہے۔ امریکی حکام نے اس ایجنسی پر 2016ء کے انتخابات میں مداخلت کے مجرمانہ الزامات لگائے تھے ۔ رپورٹ کے مسودے میں بتایا گیا ہے روس نے نہ صرف ٹرمپ کو جتوانے کیلئے کام کیا بلکہ ان کے صدر بننے کے بعد بھی انکی حمایت کا سلسلہ جاری رکھا۔ رپورٹ کے مطابق روس کیلئے کام کرنیوالی ایجنسی نے امریکی ووٹرز کے سوشل میڈیا پر مختلف اکاؤنٹس پر جاکر ڈس انفا ر میشن پھیلائی اور ٹرمپ کے حق میں پراپیگنڈہ کیا، اس مہم میں دائیں بازو کے قدامت پسند ووٹرز کو خاص طور پر نشانہ بنایا گیا اور انہیں دلائل دئیے گئے کہ وہ ٹرمپ کی مہم کی حمایت کریں۔ اس تحقیق کے مطابق گن کنٹرول اور امیگریشن کے مسائل پر افریقی امریکن ووٹرز کیساتھ مباحثے میں ٹرمپ کے حق میں راہ ہموار کی گئی۔