پی ٹی آئی کا قومی و صوبائی اسمبلی کیلئے حتمی امیدواروں کا اعلان
اسلام آباد: (خبر نگار) پاکستان تحریک انصاف نے قومی اسمبلی کی 272 میں سے 229 نشستوں پر امیدواروں کو نامزد کر دیا ہے جبکہ پنجاب کے 238، خیبر پختونخوا کے 99 میں سے 90، سندھ کے 79 اور بلوچستان کے 36 صوبائی حلقوں میں امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف نے گزشتہ روز پارٹی چیئرمین کی منظوری کے بعد امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی ہے۔ یہ فہرست نظرثانی درخواستوں کی پڑتال کے بعد تیار کی گئی ہے اور امیدواروں کی ٹکٹوں کی فراہمی کے لئے ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے لئے الیکشن مینجمنٹ سیل کو ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ تحریک انصاف کے اعلامیہ کے مطابق اسلام آباد کی قومی اسمبلی کی تینوں نشستوں اور فاٹا کے 11 حلقوں میں امیدوار کھڑے کر دئیے گئے ہیں۔ باقی بچ جانیوالے حلقوں کے لئے امیدواروں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔دریں اثناء پاکستان تحریک انصاف نے راولپنڈی کے صوبائی حلقوں کے ٹکٹ بھی جاری کر دئیے ہیں۔حال ہی میں مسلم لیگ ن چھوڑ کر تحریک انصاف میں شامل ہونیوالے شہر یار ریاض کو آؤٹ کر دیا گیا جبکہ عمر تنویر بٹ اور زیاد خلیق اِن ہو گئے۔ راولپنڈی کے صوبائی حلقے 10، 12 اور 13 پر ابھی تک تحریک انصاف نے امیدواروں کا اعلان نہیں کیا۔ اتوار کو جاری ہونیوالی فہرست راولپنڈی کے صوبائی حلقہ پی پی 6 میں میجر لطاسب ، 7 میں غلام مرتضیٰ ستی ، 8 میں چوہدری جاوید کوثر، 9 میں چوہدری ساجد محمود، 11 میں چوہدری عدنان، 14 میں زیاد خلیق کیانی، 15 میں عمر تنویر ، 16 میں راجہ راشد حفیظ ، 17 میں فیاض الحسن چوہان، 18 میں اعجاز خان جازی، 19 میں عمار صدیق خان اور پی پی 20 میں ملک تیمور مسعود اکبر پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار ہیں۔