لاہور: پاکستان تحریک انصاف نے حکومت کی جانب سے اعلان کردہ ایمنسٹی اسکیم کو عدالت میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف نے پاکستانیوں اور اوورسیز پاکستانیوں کے لیے کالا دھن سفید کرنے کے لیے حکومت کی 5 نکاتی ٹیکس ایمنسٹی اسکیم مسترد کردی ہے۔ پارٹی نے اس سلسلے میں عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اس کے علاوہ عمران خان نے معاملہ ایوان میں بھی بھرپور انداز سے اٹھانے کی ہدایت کردی ہے۔
تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ منی لانڈرنگ کرنے والے حکمران اپنے جیسوں کو نواز رہے ہیں، یہ اسکیم نہیں بلکہ ملک لوٹنے والوں کو فری ہینڈ دینے کا انعام ہے، ایمنسٹی اسکیم کا معاملہ سینیٹ میں بھی بھرپور انداز سے اٹھایا جائے گا اور سینیٹ میں ایمنسٹی اسکیم کے خلاف قرارداد بھی لائے جائے گی۔
واضح رہے کہ حکومت کی نئی ایمنسٹی پالیسی کے تحت جن پاکستانیوں کے اثاثے ملک سے باہر ہیں وہ2 فیصد جرمانہ ادا کرکے اسے قانونی بناسکتے ہیں، اندرون ملک موجود کالے دھن کو 5 فیصد ادائیگی پر سفید کرایا جاسکے گا، خفیہ پراپرٹی قانونی بنانے کیلئے ایک فیصدکی ادائیگی کرنا ہوگی تاہم سیاستدان اس اسکیم سے فائدہ نہیں اٹھا سکتے۔