نواز شریف کا جلوس پاکستان کے عدالتی اور دفاعی اداروں کو دھمکی ہے، پنجاب کی پوری پولیس، وفاق کے سارے ادارے ایک نااہل شخص کے سیاسی جنازے کو کندھا دینے میں مصروف ہیں، نواز شریف کی نااہلی کے بعد انکے نام پر موجود جماعت کالعدم قرار دی جائے: بابر اعوان کی الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد: تحریک انصاف نے نواز شریف کی سیاسی اور حکومتی سرگرمیوں کیخلاف الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کر دی، الیکشن کمیشن کے باہر بابراعوان نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نا اہلی کے باوجود مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کی صدارت کرتے ہیں، نا اہل شخص کا بنایا ہوا وزیراعظم نا اہلی کی زد میں نہیں آئے گا؟ الیکشن کمیشن نے ریفری کے طور پر قانون کے مطابق فیصلہ کرنا ہے۔ انہوں نے یاسمین راشد کو اصلی شیرنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان سے شیر بن کر مقابلہ کریں بھاگیں نہیں، نوازشریف ایل این جی وزیراعظم اور گارڈ فادر ٹو ہیں۔انہوں نے کہا نواز شریف ہائیکورٹ کے فیصلوں کی خلاف ورزی کر رہے ہیں، نواز شریف نے آج سڑکیں بند کیں لاکھوں بیٹیاں کالج و ہسپتال نہیں جا سکیں، آج پورا پنجاب لاک ڈاؤن ہے،ایسے میں قانون کہاں ہے؟
بابر اعوان نے کہا نواز شریف کا جلوس پاکستان کے عدالتی اور دفاعی اداروں کو دھمکی ہے۔ نواز شریف کا آج لہجہ تکبر والا ہے، سڑکوں سے مال بنانے اورتکبر سے بات کرنے والوں کو ایک دھکا اڈیالہ کے کٹہرے میں لگے گا۔ انہوں نے کہا پنجاب کی پوری پولیس، وفاق کے سارے ادارے اور میونسپل کے درجہ ششم تک ملازمین سب ایک نااہل شخص کے سیاسی جنازے کو کندھا دینے میں مصروف ہیں، آج ایک نا اہل وزیراعظم کے خلاف ریفرنس دائر کیا ہے، یہ ریفرنس نواز شریف کو صرف ہٹانے کے بارے میں نہیں ہے۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا سیاسی جماعت مسلم لیگ نواز ایک نا اہل شخص کے نام سے رجسٹرڈ ہے۔ قانون کے مطابق کوئی جماعت نا اہل شخص کے نام سے رجسٹرڈ نہیں ہو سکتی۔ یاسمین راشد نے کہا کہ حلقہ این اے120 لاہور کے مسائل دیکھیں تو دکھ ہوتا ہے، نواز شریف کو اب پتہ ہے کہ کوئی این آر او یا معافی نامہ نہیں ملے گا، احتساب سے بچنے کا کوئی طریقہ نہیں، نواز شریف نوٹ کر لیں کہ پی ٹی حکومت میں آنے کے بعد کس طرح لوٹا ہوا پاکستانی قوم کا مال ہم واپس لائیں گے۔