اسلام آباد (یس ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین میں انتخابات کی دھاندلی کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن کے معاملے پر ملاقات ہوئی،جس میں تحریک انصاف نے حکومت آرڈیننس لانے کیلئے 7دن کی مہلت دیدی ہے۔
تحریک انصاف کے رہنما کی جانب سے لکھے گئے خط کا جواب لے کر وزیر خزانہ ان کی رہائش گاہ پہنچے۔اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی سے 3 نکات پر معمولی اختلاف تھے، جن کا حل آدھے گھنٹے میں بھی ہو سکتا ہے۔
امید ہے قومی مفاد میں مسئلے کا حل تلاش کرلینگے۔ جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ انکے خط کا جواب مل گیا ہے جس کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد فریقین دوبارہ ملاقات کرینگے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کیخلاف سیاسی اتحاد کے ماحول میں جوڈیشل کمیشن کے معاملے کو بھی فیصلہ کن نتیجے تک پہنچانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کے معاہدہ طے پا گیا تو نیا آرڈیننس بنانے کے لیے 7 دن کا وقت مقرر کیا گیا ہے جس پر اتفاق ہے۔ اس موقع پر دونوں رہنما ایک دوسر ے کو دل بڑا کرنے کا مشورہ بھی دیتے رہے تاہم اسحاق ڈار کا خیال تھا کہ دونوں جانب سے دل بڑا کرنے میں ہی بھلائی ہے۔