اسلام آباد: پاكستان تحریك انصاف نے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار سے فوری مستعفی ہونے كا مطالبہ كرتے ہوئے كہا ہے كہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ كی رپورٹ كے بعد چوہدری نثار كوئی معقول راستہ اختیار كریں گے۔
وزیر داخلہ چوہدری نثار كی پریس كانفرنس پر اپنے ردعمل میں ترجمان تحریك انصاف كا كہنا تھا كہ چوری كے بعد سینہ زوری (ن) لیگ كا شیوہ ہے، سپریم كورٹ كے جج اپنی تحقیقات میں واضح طور پر وزیر داخلہ كو سنگین غفلت اور نااہلی كا مرتكب قرار دے چكے ہیں، نہ وزیراعظم جھوٹ بولنے كے بعد استعفیٰ دیتے ہیں، نہ وزیر داخلہ ناكامی كے بعد اپنے منصب سے الگ ہوتا ہے۔
ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ چوہدری نثار كے خلاف چارج شیٹ دراصل (ن) لیگی حكومت كے خلاف چارج شیٹ ہے، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ كی رپورٹ كے بعد بھی چوہدری نثار اپنے منصب سے چمٹے رہنا جمہوری روایت كے خلاف ہے، اگر چوہدری نثار کا اپنے منصب سے مستعفی نہیں ہوتے توسپریم كورٹ اس كا نوٹس لے۔ ترجمان نے مطالبہ کیا كہ چوہدری نثار كو معصوم شہریوں اور وكلا كی شہادتوں كا ذمہ دار قرار دے كر وزارت سے الگ كیا جائے۔