مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے مؤقف میں تسلسل نہیں،کنٹینر اور پریس کانفرنس میں کی گئی باتوں پر کیس نہیں
لڑے جاتے۔سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ تحریک انصاف کی خیالی ستونوں پرمبنی عمارت آج کہیں نظرنہیں آ رہی،کنٹینراور پریس کانفرنس کی بنیاد پر عدالتوں میں کیس نہیں لڑے جاسکتے،عمران خان عدالت کےباہرجو الزام لگاتے ہیں اس کے ثبوت پیش کرنا ہونگے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی مفروضوں پرکھڑی عمارت آج گرگئی۔عمران خان کوپتا چل گیاہے کہ انہوں نے صرف الزام لگائے ہیں۔وزیرمملکت آئی ٹی انوشے رحمان نے کہا کہ تحریک انصاف کے وکلاروزانہ اپنا مؤقف تبدیل کر رہے ہیں، جھوٹاشخص عوام کی عدالت میں جائے گا تو عوام اسے رد کردینگے،تحریک انصاف کےمؤقف میں تسلسل نہیں ہے،تحریک انصاف کے جھوٹے جوابات پرعدالت کو سوالات کرنا پڑے،عمران خان کے پاس کچھ نہیں محض الزامات کا پلندہ ہے۔اس موقع پرن لیگ کے رہنما طلال چودھری کہنا تھا کہ جھوٹ کی بنیاد پر بنائے گئے کیس زیادہ دیر نہیں چلتے، پاناما دستاویزات کیس کا جلد نتیجہ آنے والا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان 2018کے انتخابات الزامات کی بنیاد پر لڑنا چاہتےہیں،انہوں نے عوامی خدمت کا توکوئی کام نہیں کیا،مسلم لیگ ن نے عوامی خدمت کے کام کیے ہیں، ہم صحت، تعلیم اورترقی کیلئے کام کریں توخان صاحب کو اچھا نہیں لگتا۔طلال چودھری کا کہنا تھا کہ ہم 70سال کا حساب دیں گے لیکن آپ 7سال کا بھی نہیں دے سکیں گے،ہم سچ کی بنیاد پرعدالت میں کھڑے ہیں، ہم نے کام کرنا ہے، عمران خان کا کام صرف تماشا کرنا ہے، عمران خان نے ہمیشہ احتجاج کیا یا الزام لگایا۔