اسلام آباد: الیکشن کمیشن کے رکن سندھ غفور سومرا کے بیرون ملک ہونے کے باعث فیصلہ موخر کیا گیا۔
الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کیس کا فیصلہ دوسری بار موخر کر دیا۔ فیصلہ اب 13 دسمبر کو سنایا جائے گا۔ الیکشن کمیشن کے رکن سندھ غفور سومرا کے بیرون ملک ہونے کے باعث فیصلہ موخر کیا گیا۔ پی ٹی آئی کے سابق رہنما یوسف علی نے انٹرا پارٹی انتخابات کو الیکشن کمیشن میں چیلنج کیا تھا۔ سماعت کے بعد الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اکبر ایس بابر نے کہا کہ یوسف علی کی جانب سے دائر درخواست تحریک انصاف کے ورکروں کے لئے مثال ہے، تحریک انصاف پر مافیا نے قبضہ کر لیا ہے، تحریک انصاف انٹرا پارٹی انتخابات ضیاالحق کے ریفرنڈم جیسے کرائے گئے۔ اکبر ایس بابر نے کہا کہ عمران خان کو ورکروں کی آواز سننی چاہئے، تین سال ہو گئے ہیں عمران خان فارن فنڈنگ سے چھپ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا تحریک انصاف کے وزیر پہلے ویگنوں پر سفر کرتے تھے اور اب لینڈ کروزر میں سفر کر رہے ہیں۔ خیبرپختوخواہ میں کرپشن کا کون جوابدہ ہے، انٹراپارٹی انتخابات کیس تحریک انصاف کے اندر تبدیلی لائے گا۔