تحریک انصاف کے مشتعل کارکنوں نے پنجاب حکومت کی جانب سے پشاور اسلام آباد موٹر وے بند کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ پنجاب پولیس کی کنٹینر اور کرین بھی قبضے میں لے لی گئی۔
پشاور اسلام آباد موٹر وے کو اٹک پل کے قریب پنجاب کی حدود میں بند کیا جا رہا تھا کہ تحریک انصاف کے کارکنوں نے وہاں پہنچ کر نہ صرف پنجاب پولیس سے ہاتھا پائی کرتے ہوئے انہیں بھگا دیا بلکہ کنٹینر اور کرین بھی قبضے میں لے لی اور صوابی انٹر چینج کے قریب قائم کیمپ لے گئے۔
تحریک انصاف نے کیمپ دو نومبر کو اسلام آباد مارچ کے سلسلے میں لگایا ہے جس کا اسپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر، صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی کے علاوہ مختلف شہروں سے کارکنوں نے دورہ بھی کیا ہے۔
یاد رہے کہ اٹک پل ہی خیبر پختونخوا اور پنجاب کی سرحد ہے۔